شورکوٹ وریام والا میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام خصوصی افراد میں 25 وہیل چیئرز تقسیم
شورکوٹ حلقہ پی پی 128 کے علاقہ وریام والا میں الخدمت فاؤنڈیشن کے زیر انتظام خصوصی افراد میں 25 وہیل چیئرز تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی ایس پی شورکوٹ محمد یوسف چیمہ تھے۔
تقریب میں جماعت اسلامی جھنگ کے رہنما مہر فرید مگھیانہ، انجینئر شعیب سیال، اسامہ معاذ، بشیر ناز، پروفیسر محمد اقبال حصاری،مہر فراست خان سیال محمد آ زاد کشمیری،سمیت سول سوسائٹی کی معزز شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔اس موقع پر خصوصی افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔
مقررین نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحق اور خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے جاری خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے محروم اور خصوصی افراد کی مدد دراصل انسانی خدمت کی ایک اہم شکل ہے۔ ایسے فلاحی اقدامات سے خصوصی افراد کو نہ صرف نقل و حرکت میں سہولت ملتی ہے بلکہ ان میں خود اعتمادی بھی پیدا ہوتی ہے۔
تقریب کے شرکاء نے الخدمت فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی مستحق افراد کی معاونت کا یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔